بھوپال : بھوپال سینٹرل جیل سے فرار آٹھ ملزموں کو ایک انکاونٹر میں ہلاک کردیا گیا ہے ۔ بھوپال سے 10 کلومیٹر دور اینٹ کھیڑی گاؤں میں پولیس کے ذریعہ انکاونٹر میں یہ سبھی مارے گئے ہیں ۔ ابتدائی میڈیا رپورٹ کے مطابق گھرنے کے بعد پولیس نے ان ملزموں کو سرینڈر کرنے کیلئے کہا ۔ تاہم انہوں نے اس سے انکار کردیا ، جس کے بعد انکاؤنٹر شروع ہو۔
خیال رہے کہ مبینہ دہشت گرد تنظیم سیمی سے تعلق کے الزام میں گرفتار یہ آٹھ ملزمین ہیڈ کانسٹبل رما شنکر سنگھ کا قتل کر کے آج صبح فرار ہو گئے تھے ۔ ان ملزمین پر الگ الگ مقدمات چل رہے تھے ۔ ان میں سے چار پر پہلے بھی کھنڈوا جیل سے فرار ہوچکے تھے ۔ ان میں سے تین کھنڈوا کے رہنے والے ہیں جبکہ دیگر تین ملزمین شولاپورکے رہنے والے ہیں وہیں ایک اجین کا رہنے والا ہے ۔
بتایا جا رہا ہے کہ دیوالی کی رات 3 سے 3.30 بجے کے آس پاس ملزمین بھوپال کی سینٹرل جیل کی دیوار کود کر فرار ہوگئے ہیں ۔ اس سے قبل بھوپال کے ایس ایس پی ارجن سکسینہ نے بتایا تھا کہ پورے شہر کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور ارد گرد کے علاقوں میں بھی اس بات کی اطلاع دے دی گئی ہے ۔
ایس ایس پی کے مطابق یہ سب منصوبہ بند تھا ۔ کیونکہ یہ تمام ملزمین جیل کی شیٹ کی مدد لے کر فرار ہوئے ہیں ۔ انہوں نے چادر کا استعمال کیا ، درخت کی ٹہنیوں کو آپس میں جوڑا اور اس کے بعد دیوار کود کر فرار ہوگئے ۔ ایس ایس پی سکسینہ نے بتایا کہ بھوپال سے باہر جانے والے تمام راستوں پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے ۔
مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ بھوپندر سنگھ نے فرار ہونے کے واقعہ کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے آج کہا تھا کہ جیل انتظامیہ کی غفلت اس میں واضح طور پر ظاہر ہوتی ہے۔اس درمیان فرار ملزمین کی گرفتاری پر پانچ۔ پانچ لاکھ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔