لکھنؤ ۔ حسین آباد ہیریٹیج زون کی افتتاحی تقریب میں موسیقی بجنے سے مولانا جواد برہم ہیں ۔ گھنٹہ گھر حسین آباد میں منعقد ہوئے حسین آباد ہیریٹیج زون افتتاحی پروگرام میں میوزک کے استعمال پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ وقف کی زمین پر میوزک کے استعمال کی ہم سخت مذمت کرتے ہیں ۔
جو لوگ اس پروگرام میں شامل ہوئے اور خود وزیراعلیٰ اکھلیش یادو کے اس عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
مولانا نے کہاکہ وقف کی زمین پر میوزک کے استعمال کی قطعی اجازت نہیں ہوتی ۔پہلے وہاں ایک بورڈ موجود تھا جس پر لکھا ہوا تھاکہ وقف کی زمین پر گانا بجانا منع ہے مگر وہ بورڈ بھی ہٹادیا گیاہے ۔مولانا نے کہاکہ ایام عزا کے دوران وقف کی زمین پر دھڑلے سے میوزک کا استعمال ہونا اور مولائی حضرات کا اس پروگرام میں شریک ہونا قابل افسوس ہے ۔
مولانانے کہاکہ وزیر اعلیٰ یوپی انتخابات کے پیش نظر آدھے ادھورے کاموں کا جلد بازی میں افتتاح کررہے ہیں ۔سڑکوں کی حالت ابھی بھی بری ہے ۔دوسرے کام بھی ادھورے پڑے ہوئے ہیں ۔ایکس پریس وے اور میٹرو کا کام ابھی پورا نہیں ہوا مگر وزیر اعلیٰ افتتاح کررہے ہیں ۔
واضح رہے کہ 4دسمبر کو حسین آباد ہیریٹیج زون کے افتتاحی پروگرام میں سماج وادی پارٹی کا تھیم سانگ اور دیگر تھیم نغموں کو بجایا گیا تھا جبکہ عزاداری روڈ اور وقف کی زمین پر کسی بھی طرح کی میوزک اور ناچ گانے کی اجازت نہیں ہوتی۔