ممبئی : شیوسینا ایم پی گائیکواڑ کے ہوائی سفر پر ائیر لائنز کمپنیوں نے پابندی لگائی ہے۔ ایئر انڈیا کے عملہ سے مار پیٹ کرنے والے شیوسینا کے لیڈر رویندر گائیکواڑ کے خلاف ایئر لائنز کمپنیوں نے سخت رخ اپنا یا ہے۔ ایئر انڈیا کے علاوہ نجی شعبے کی چار ایئر لائنز نے گائیکواڑ کے طیارے میں سفر پر پابندی لگا دی ہے۔ وہیں ایئر انڈیا نے گائیکواڑ کے دہلی سے پونے کے واپسی کے ٹکٹ کو کینسل کر دیا ہے۔ خیال رہے کہ مار پیٹ کے معاملہ پر ممبر پارلیمنٹ نے معافی مانگنے سے انکار کر دیا ۔ پرواز پر پابندی لگنے کی خبروں پر ممبر پارلیمنٹ نے چیلنج دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی آج کی ہی پرواز ہے اور وہ دیکھیں گے کہ کون ان کو سفر کرنے سے روکتا ہے؟۔
شیوسینا لیڈر گائیکواڑ سے صحافیوں نے جب بات چیت کی تو انہوں نے کہا کہ میں معافی نہیں مانگوںگا، جس کی غلطی ہے وہ معافی مانگے ۔ کیس ہوا ہے تو ضمانت لے لوں گا، معاملہ کومیری پارٹی دیکھے گی ۔ بلیک لسٹ کئے جانے پر انہوں نے کہا کہ فلائٹ میں کس طرح نہیں بیٹھنے دیں گے ، میں پیسے دوں گا۔ آج میرا 4.15 بجے کا ٹکٹ بک ہے۔
فیڈریشن آف انڈین ایئر لائنز (ایف آئی اے) نے اس واقعہ پر سخت رخ اپناتے ہوئے گائیکواڑ کے فلائٹ سے سفر پر روک لگا دی ہے۔ ذرائع نے یہ معلومات دی کہ ایف آئی اے کے ارکان میں جیٹ ایئر ویز، انڈگو، اسپائس جیٹ اور گو ایئر شامل ہیں۔ایف آئی اے شیوسینا لیڈر کو اپنی رکن ہوا بازی کمپنیوں کی پروازوں پر سفر کی اجازت نہیں دے گا۔ سمجھا جا رہا ہے کہ فیڈریشن اس بارے میں جلد ہی بیان جاری کرسکتا ہے۔
اس درمیان ہوا بازی کی کمپنی انڈگو نے کہا ہے کہ وہ فلائٹ کے دوران غلط برتاؤ کرنے والے مسافروں پر روک کے کسی بھی قدم کی حمایت کرے گی۔ شیوسینا لیڈر کے ذریعہ ایئر انڈیا کے ایک اہلکار کی پٹائی کے واقعہ کے بعد ایئر لائن ایسے مسافروں کی فہرست بنارہا ہے ، جنہیں سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ادھر انڈگو کے صدر اور کل وقتی ڈائریکٹر آدتیہ گھوش نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ” ہم ایسی کسی فہرست کی حمایت کریں گے۔ فی الحال ایئر لائنز میں اس طرح کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ ایئر انڈیا نے شیوسینا رہنما کے خلاف دو ایف آئی آر بھی درج کرائی ہیں۔ پارٹی نے بھی ان سے اس بارے میں وضاحت طلب کی ہے۔
مارپیٹ کے بعد گائیکواڑ نے اعتراف کیا تھا کہ میں نے اپنے چپل سے اسے 25 مرتبہ مارا۔ میں شیو سینا کا ایک رکن ہوں، بی جے پی کا نہیں ، جو اس طرح کی بدتمیزی برداشت کر لوں گا۔ میں معافی بھی نہیں مانگوںگا۔ گائیکواڑ نے یہ بھی کہا تھا کہ انہوں نے لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن سے اس واقعہ کی شکایت کر دی ہے۔