لکھنو : شیوپال نے اکھلیش پر نشانہ سادھتے ہوئے الیکشن کے نتائج کو گھمنڈ کی شکست بتایا ہے۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج آتے آتے بی جے پی کرور اکثریت کی جانب بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے ۔ ادھر سماج وادی پارٹی میں شکست کو لے کر الزام تراشی کا دور شروع ہو گیا ہے ۔ انتخابات کے دوران مکمل طور پر حاشیہ پرکھڑا کر دیے گئے ایس پی کے سابق صوبائی صدر شیو پال سنگھ یادو نے وزیر اعلی اکھلیش یادو پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ یہ گھمنڈ کی شکست ہے ۔
شیو پال نے اس ہار کو سماج وادی پارٹی کی شکست ماننے سے انکار کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو یہ سماجوادیوں کی شکست ہے اور نہ ہی یہ سماج وادی پارٹی کی شکست ہے ، یہ گھمنڈ کی شکست ہے ۔
واضح رہے کہ انتخابات کے نتائج آنے سے پہلے ہی سماج وادی صفوں میں اکھلیش دھڑے پر حملے ہونے شروع ہو گئے ہیں ۔ اس کی شروعات ملائم کی دوسری بیوی سادھنا یادو نے کی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ کسی کو بھروسہ نہیں تھا کہ اکھلیش باغی ہو جائے گا ۔ جس طرح سے ملائم سنگھ یادو اور شیو پال سنگھ یادو کی توہین کی گئی ، وہ نہیں ہونی چاہئے تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ مجھ پر کئی جھوٹے الزام لگائے گئے ، جو اب میں برداشت نہیں کروں گی ۔