بہرام قاسمی: بچوں کا قتل عام کرنے والی آل سعود حکومت، یمنی عوام سے انتقام لینے کے لئے اسکولوں اور ہسپتالوں تک کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت، اپنے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کے نتیجے میں اور زیادہ وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیر کی رات ایک بیان میں شمال مغربی یمن میں واقع صوبے حجہ میں ہسپتالوں پر جارح سعودی اتحاد کے لڑاکا طیاروں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانیت کے خلاف ناقابل تصور نیز کھلی جارحیت قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت، یمن میں ہسپتالوں اور اسکولوں پر کئے جانے والے حملوں پرعالمی برادری کی خاموشی کے نتیجے میں اور زیادہ وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے۔
ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی حالت میں کہ بین الاقوامی قوانین میں جنگ کے دوران بھی رہائشی علاقوں اور عام شہریوں کا جانی تحفظ کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی گئی ہے، سعودی عرب کا جنگ پسندانہ نظام، یمن میں عورتوں، بچوں اور مظلوم بیماروں نیز نہتھے عام شہریوں کو خاک و خوں میں غلطاں کرنے کے لئے کسی بھی حد یا قانون کو کچھ نہیں سمجھتا۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے کہا کہ سعودی عرب کا یہ جارحانہ رویہ، عالمی اداروں منجملہ اقوام متحدہ کی خاموشی اور اس کی جانب سے سعودی جرائم کی پردہ پوشی کا نتیجہ ہے۔ انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ یمن میں جمہوری و قانونی ڈھانچوں کی تشکیل اور پارلیمنٹ کی سرگرمیوں کے دوبارہ آغاز کے لئے عوامی نمائندوں کے اقدام سے سعودی عرب کی آل سعود حکومت کی بوکھلاہٹ، بڑھتی جا رہی ہے اس لئے بچوں کا قتل عام کرنے والی یہ جارح حکومت، یمنی عوام سے انتقام لینے کے لئے اسکولوں اور ہسپتالوں تک کو اپنی وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہے۔