ممبئی: بولی وڈ اداکار سنجے دت بہت جلد اپنی سوانح حیات لکھنے جارہے ہیں جس سے ان کے مداح ان کی زندگی کے بارے میں سب کچھ جان سکیں گے۔
یاد رہے کہ 56 سالہ سنجے دت کو 1993 کے ممبئی حملہ کیس میں غیر قانونی ہتھیار رکھنے کا الزام ثابت ہونے پر، مارچ 2013 میں ہندوستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم یرواڈا کی جیل انتظامیہ کے ساتھ اچھے رویے کے باعث سنجے کو رواں برس 25 فروری کو رہا کردیا گیا تھا۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سنجے دت کے مداح طویل عرصے سے ان کی اسکرین پر واپسی کے منتظر ہیں، جبکہ وہ سنجے کی زندگی، جیل کی صعوبتوں اور مشکلات کے بارے میں جاننے کے بھی خواہش مند ہیں اور معلوم ہوتا ہے کہ ان کی یہ خواہش جلد پوری ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی سوانح حیات جلد سامنے آنے والی ہے جسے اداکار خود لکھیں گے۔
اس کتاب میں سنجے دت کی زندگی کی مکمل داستان بیان کی جائے گی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اس سوانح حیات پر کوئی پروڈیوسر فلم بھی بنا سکتا ہے ورنہ سنجے اپنی سوانح حیات پرمبنی فلم کے پروڈیوسر خود بھی بن سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ ہدایت کار راج کمار ہیرانی بھی سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم پر کام کررہے تھے تاہم اگر سنجے کی زندگی پر ایک فلم بن رہی ہے تو ایک اور سوانح حیات پر مبنی فلم بنانا بیوقوفی ہوسکتی ہے۔
سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم میں رنبیر کپور مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، تاہم اب تک اس فلم کے حوالے سے کوئی اور خبر سامنے نہیں آئی۔
حالیہ رپورٹس کے مطابق راج کمار ہیرانی نے سنجے دت کی زندگی پر بننے والی فلم پر کام روک دیا ہے اور اگر یہ خبر سچ ہوئی تو یقیناً یہ سنجے کے مداحوں کے لیے خاصی بری خبر ہوگی۔