کہا : میرے رہتے ہوئے پارٹی میں پھوٹ نہیں ہوسکتی
لکھنو : سماجوادی پارٹی میں جاری گھمسان کو ختم کرنے کیلئے جمعہ کو پارٹی سپریمو ملائم سنگھ یادو نے شیوپال یادو اور وزیر اعلی اکھلیش یادو سے الگ الگ بات چیت کی ۔ گفتگو کے بعد ملائم سنگھ خود سامنے آئے اور پانچ دنوں سے جاری اس گھمسان پر پہلی مرتبہ اپنی زبان کھولی ۔ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ملائم سنگھ نے کہا کہ شیوپال یادو اور اکھلیش یادو کے درمیان کوئی تنازع نہیں ہے۔ ملائم سنگھ نے کہا کہ میرے رہتے ہوئے پارٹی میں کوئی پھوٹ نہیں ڈال سکتا ۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ملائم سنگھ اور اکھلیش یادو دنوں نے ہی شیوپال یادو کے استعفی کو نامنظور کردیا تھا ۔خیال رہے کہ گزشتہ رات کشیدگی اس وقت اپنے عروج پر پہنچ گئی تھی جب شیوپال سنگھ یادو کے کابینہ اور ریاستی صدر سمیت تمام عہدوں سے استعفیٰ دیدیا تھا ۔ شیوپال کے ساتھ ساتھ ان کے بیٹے نے بھی اپنے عہدہ سے استعفی دیدیا تھا۔
کل رات جب شیوپال نے ریاستی وزارت اور پارٹی ریاستی صدر کے عہدہ چھوڑا تبھی سے ان کے سیکڑوں حامی ان کی رہائش گاہ کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ شیوپال نے صبح حامیوں سے کہا کہ آپ سب کو پارٹی آفس جانا چاہئے ، جہاں نیتاجی آئیں گے اور آپ کی شکایات سنیں گے ۔ انہوں نے یہ بات دہرائی کہ ان کا پارٹی صدر پر مکمل اعتبار ہے اور وہ ان کے کہنے پر چلتے ہیں۔