پٹنہ : آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور آر جے ڈی سربراہ لالو یادو کو لے کر ایک متنازع بیان دیا ہے۔اتوار کو پٹنہ کے ایک پروگرام میں حصہ لینے پہنچے اندریش کمار نے دونوں لیڈروں پر جم کر نشانہ سادھا اور کہا کہ یہ لیڈر ووٹ کے لئے ملک کو توڑنے کی سیاست کرتے ہیں۔
اندریش یہیں نہیں رکے، تین طلاق کے مسئلے پر دونوں رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ لیڈر کیا تین طلاق کا اصول اپنی اپنی بہن اور بیٹیوں کے ساتھ بھی نافذکروائیں گے؟۔انہوں نے کہا کہ اپنے گھر میں یہ اپنے بیٹوں کو کہیں گے کہ وہ اپنی بیویوں کو تین طلاق دے دیں۔
اندریش نے کہا کہ خواہ نتیش کمار ہوں ، یا لالو دونوں انسانیت کی سیاست چھوڑ کر صرف اور صرف ووٹ کی سیاست کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اسلام کے کئی علماء اور ماہرین سے رائے لی ہے ، تو علما کی رائے تین طلاق کے مسئلے پر کافی صاف ہے۔ آر ایس ایس لیڈر نے کہا کہ لالو ہوں یا نتیش، ملائم ہو یا مایاوتی یا اکھلیش سب کو اسلام کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ ان لیڈروں میں ہمت ہے تو ملک کو توڑنے والی قوتوں کو روکیں۔
اندریش کے اس بیان پر جے ڈی یو نے شدید تنقید کی ۔ پارٹی لیڈر نیرج کمار نے کہا کہ اگر ان کو مذہب سے اتنی پریشانی ہے ، تو وہ اپنے مسلم لیڈروں کا نام تبدیل کریں۔ نیرج نے کہا کہ شاہنواز حسین، مختار عباس نقوی سمیت بی جے پی کے کئی مسلم لیڈروں کا مذہب تبدیل کروائیں ۔ یکساں سول کوڈ کے مسئلہ پر نیرج نے کہا کہ مرکزی حکومت پہلے پورے ملک میں یکساں تعلیم نافذ کرے۔