پارٹی فنڈ میں جمع کرنے کیلئے دہلی سے لکھنؤ لے جائی جا رہی تھی رقم
غازی آباد : غازی آباد میں پولیس نے بی جے پی لیڈر کی ایک گاڑی سے تین کروڑ روپے کیش برآمد کئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے یہ رقم دہلی سے لکھنؤ پارٹی فنڈ میں جمع کرانے کے لئے لے جائی جا رہی تھی۔تاہم پارٹی فنڈ میں اتنی بڑی نقد رقم جمع کرانے پر سوالات اٹھنے شروع ہوگئےہیں۔ اطلاعات کے مطابق تلاشی کے دوران اندراپورم میں ایک سوئفٹ کار نمبر ایچ آر 26 اے آر 9662 بیركیڈنگ کو توڑ کر بھاگنے کی کوشش کی، جس کے بعد شک ہونے پر پولیس نے گاڑی کو روک کر تلاشی لی ، تو اس میں سے تین کروڑ روپے ملے۔ پولیس نے دو افراد انوپ کمار اگروال اور سدھارتھ شکلا کو حراست میں لے لیا ور ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
تاہم دونوں نے بتایا کہ یہ پیسہ ان کا ہے اور وہ اسے لکھنؤ پارٹی فنڈ میں جمع کرانے لے جا رہے تھے۔ اس درمیان انکم ٹیکس کے افسران بھی پہنچ گئے ہیں اور اتنی بڑی رقم کے ذرائع کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ لیکن سوال یہ اٹھتا ہے کہ اتنی بڑی رقم نقد کے طور پر پارٹی فنڈ میں جمع کرانے کے لئے کیوں لے جائی جا رہی تھی۔ پولیس کو شک ہے کہ یہ پیسہ بلیک منی ہو سکتا ہے۔ فی الحال انوپ کمار اگروال اور سدھارتھ شکلا سے پیسے کے ذرائع کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔