لندن۔ ملکہ ایلزبتھ دنیا میں اس وقت کی سب سے زیادہ عرصہ حکومت کرنے والی شاہی حکمراں ہیں انہوں نے برطانیہ کے تخت پر جلوہ افروز ہونے کے بعد 65 سال مکمل کرلئے ہیں ملکہ ایلزبتھآج اپنی نیلم جوبلی منارہی ہیں۔اس موقع پر وسطی لندن میں 41 توپوں کی شاہی سلامی دی جائے گی۔
ملکہ کے دفترنے 2014 کی ایک تصویر جاری کی ہے جس میں وہ نیلم جڑا زیور پہنے ہوئے ہیں جو 1947 میں شاہ جارج ششم نے شادی کے تحفہ کے طور پر انہیں دیا تھا۔
90 سالہ ملکہ ایلزبتھ اب غیر ملکی دوروں پر بہت کم جاتی ہیں تاہم برطانیہ کے اندر وہ اب بھی سرکاری فرائض برابر انجام دیتی ہیں۔
دسمبر میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ جن درجنوں خیراتی تنظیموں ، تعلیمی اداروں اور کھیلوں کے گروپوں کی سرپرستی کرتی ہیں ان کی تعداد کم کریں گی اور یہ ذمہ داری اب وہ شاہی کنبہ کے دوسرے لوگوں کو سونپی دیں گی۔ان کے دفتر نے بتایا ہے کہ وہ آج کا دن معمول کے مطابق مشرقی لندن کی اپنی رہائش گاہ میں گذاریں گی۔