پاکستان کے صنعتی اور تجارتی شہر کراچی میں ایک نجی ٹی چینل کے دفتر پر مشتعل افراد کے حملے اور فائرنگ میں ایک شخص ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔
خبروں کے مطابق مشتعل مظاہرین پیر کی شام شہر کے مرکزی علاقے صدر میں واقع ایک نجی ٹی وی چینل کے دفتر کے سامنے مظاہرہ کیا اور انتظامیہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی۔ رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ بعض مظاہرین نے مذکورہ ٹی وی چینل کے دفتر پر حملہ کرنے کی بھی کوشش کی جس کے بعد پولیس اور مشتعل مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے پولیس اور ایک ٹی وی چینل کے دفتر پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنا پڑی۔ مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کو آگ لگادی، کئی کو نقصان پہنچایا اور ٹریفک پولیس چوکی پر بھی توڑ پھوڑ کی جبکہ فوارہ چوک پر نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ اسپتال کے ذرائع نے ایک شخص کے ہلاک اور متعدد دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ صورت حال خراب ہونے کے بعد پولیس نے کراچی پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کا بھوک ہڑتالی کیمپ خالی کرا لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو ٹیلی فون کرکے ہدایت دی کہ شرپسندوں اور فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔