نئی دہلی۔ ٹرمپ حکومت ایچ 1 بی ویزا معاملے میں متوازن رخ اپنائے۔ یہ مشورہ وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر امریکہ کو دیا ہے۔ امریکہ میں غیر ملکی شہریوں کی مستقل رہائش اور نوکری کو لے کر سخت ٹرمپ انتظامیہ کو ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے تھوڑا نرم رخ اپنانے کی صلاح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کو ایچ 1 بی ویزا میں کٹوتی اور موثر پیشہ ور افراد کی نقل و حرکت کے معاملے میں متوازن اور دوراندیشی پر مبنی نظریہ اپنانا چاہئے۔
امریکہ میں ایچ 1 بی ویزا سہولت میں کٹوتی کا ہندوستانی سافٹ وئیر شعبہ کے پیشہ ور افراد پر منفی اثر پڑے گا۔ مودی نے امریکی کانگریس کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی انتظامیہ اور کانگریس میں تبدیلی کے بعد دوطرفہ تبادلے کے معاملے میں وفد کی آمد ایک اچھا آغاز ہے۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر صدر ٹرمپ کے ساتھ ہوئی ان کی مثبت بات چیت کو یاد کیا اور گزشتہ ڈھائی سال میں گہرے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے بارے میں بتایا۔ مودی نے ہندوستان۔ امریکہ شراکت داری کے لیے کانگریس کی دونوں جماعتوں کی مضبوط حمایت کی بھی تصدیق کی۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں یہ جانکاری دی گئی ہے۔