لکھنؤ: گایتری پرجاپتی کے بعد اب پیس پارٹی کے صدر ڈاکٹر ایوب کے خلاف کارروائی کیلئے پولیس پر دباؤ بنایا جا رہا ہے۔ اجتماعی آبروریزی کے ملزم اترپردیش کے سابق وزیر ٹرانسپورٹ گایتری پرساد پرجا پتی کی گرفتاری کے بعد اب پولیس پر سلطانپور کے رکن اسمبلی رہے ارون ورما اور پیس پارٹی کے صدر ڈاکٹر ایوب کے خلاف شکنجہ کسنے کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے ۔
ایک سینئر پولیس افسر کے مطابق سابق رکن اسمبلی ارون ورما اور پیس پارٹی کے صدر اور سابق ممبر اسمبلی ڈاکٹر ایوب پر آبروریزی کے الزامات ہیں۔ اس درمیان متاثرہ کی پراسرار حالات میں موت ہوگئی۔ حکام نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ پولیس ملزمان کے خلاف جلد ہی کارروائی کریگی۔
اجتماعی آبروریزی کی 20 سالہ متاثرہ لڑکی کی لاش مقامی اسکول کے پاس سے برآمد ہونے کے بعد گزشتہ ماہ سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ممبر اسمبلی ارون ورما کے خلاف سلطانپور تھانے میں رپورٹ درج کی گئی تھی۔ متاثرہ لڑکی نے سال 2013 میں مجسٹریٹ کے سامنے درج کرائے گئے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سلطانپور میں اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کرنے والے آٹھ لوگوں میں ارون ورما بھی ایک تھا۔ اس وقت وہ نابالغ تھی۔