سیکنڈوں میں سوال و جواب کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ اسی بیچ جان دیال نے عرافات سے ایک سوال کیا جو آج بھی میرے ذہن میں نقش ہے۔ جان کا سوال تھا ’’چئیرمین عرافات، کیا میری زندگی میں فلسطین ریاست کا قیام ممکن ہے؟‘‘ عرافات عموماً ہر وقت بچوں کی طرح مسکراتے رہتے تھے۔

لیکن جب کوئی اہم بات ہو جائے تو یکایک وہ بے حد سنجیدہ نظر آنے لگتے تھے اور ان کی بڑی بڑی گول گول آنکھیں کچھ باہر کو نکل آتی تھیں اور ان سے ایک عجب سحر ٹپکنے لگتا تھا۔ جان کے سوال نے عرافات کو کچھ ویسے ہی موڈ میں کردیا۔ عرافات سنجیدہ ہوگئے۔ ان کی آنکھوں سے وہی سحر ٹپکنے لگا ۔ انہوں نے جان پر غور سے ایک نگاہ ڈالی، ایک لمحے کے لئے خاموش رہے اور پھر بولے ’’تمہاری زندگی میں ہی نہیں ، خود میری زندگی میں ریاست فلسطین قائم ہوجائے گی۔‘‘