اسلام آباد۔ پاکستان کی ایک عدالت نے آج ہندستانی شہری عظمی کو ہندستان واپس جانے کی اجازت دے دی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عظمی اور اس کے شوہر طاہر علی کی جانب سے دائر عرضی کی سماعت کرتے ہوئے عظمی کو ہندستان واپس جانے کی اجازت دے دی ہے۔ عظمی نے ہندستان لَوٹنے کی عرضی داخل کی تھی جبکہ طاہر علی نے اپنی بیوی سے ملاقات کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔ عدالت نے حکم جاری کیا کہ عظمی ہندستان واپس جانے کیلئے آزاد ہیں اور انہیں واگھہ بارڈر تک سیکورٹی فراہم کرائی جائے گی۔
جسٹس اختر نے سماعت کے دوران کہا کہ اگر وہ چاہے تو شوہر سے بات کرسکتی ہے لیکن عظمی نے بات کرنے سے انکار کردیا۔ ہندستانی شہری عظمیٰ اور پاکستانی شہری طاہر علی کی شادی کے تنازع پر دائر درخواستوں کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی تھی۔
سماعت کے لیے ہندستانی شہری عظمیٰ کو سخت سکیورٹی میں اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچایا گیا جبکہ عظمیٰ کمرہ عدالت میں گر کر بے ہوش بھی ہوگئی تھی۔ عظمیٰ کے وکيل نے بتايا کہ شديد ذہنی دباؤ کے باعث عظمٰی کی حالت خراب ہوئی تھی، عدالت کی ڈسپنسری میں طبی معائنہ کیا گیا جس کے بعد ہندستانی شہری عظمی عدالت سے واپس روانہ ہوئی۔ طاہر علی کی درخواست پر جب عدالت نے عظمیٰ سے استفسار کیا کہ کیا وہ اپنے شوہر سے ملاقات کرنا چاہتی ہے تو عظمیٰ نے کہا کہ وہ اس سے بات نہیں کرنا چاہتی۔ اس کے بعد عدالت نے کہا کہ اگر عظمیٰ ملاقات کرنا نہیں چاہتی تو کوئی زبردستی نہیں کرسکتا۔
عدالت نے عظمٰی کو آزادانہ بيان ريکارڈ کرانے کی ہدايت کرتے ہوئے کہا کہ يہ معاملہ بيوی اور شوہر کے درميان کا ہے اگر عظمیٰ شوہرسے بات کرنا چاہتی ہے تو کسی کواعتراض نہيں ہونا چاہيے۔ عدالت نے عظمٰی کی بيٹی کی ميڈيکل رپورٹ کومدنظررکھتے ہوئے ہندستان جانے کی اجازت ديتے ہوئے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔ عظمٰی کے وکيل نے ميڈيا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عظمٰی شادی کوہی نہيں مانتی توملاقات کی بات تو ممکن نہیں۔
طاہر علی کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے آڈر کیا ہے کہ عظمٰي ہندستان جا سکتی ہے لیکن کہیں بھی نہیں کہا کہ یہ نکاح نامہ جعلی ہے،ہم کیس کو مزید آگے چلانا چاہتے ہیں۔ دوران سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے عظمیٰ سے کہا کہ وہ کمرہ عدالت میں دھوپ کے چشمے نہ لگائیں اور انہیں اتار دیں۔ واضح رہے کہ ہندستانی خاتون عظمیٰ نے 3 مئی کو بونیر کے رہائشی طاہر علی سے شادی کی اور پھر 5 مئی کو اسلام آباد میں موجود ہندستانی ہائی کمیشن گئی جہاں اس نے پناہ لے لی تھی اور وطن واپس جانے کی درخواست کی تھی۔