سیول۔ شمالی کوریا نے کسونگ شہر کے قریب ایک اور بیلسٹک میزائل داغا۔ جنوبی کوریا کی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے مغربی ساحل کے قریب ایک بیلسٹک میزائل داغا ہے۔ اس کا مزید کہنا ہے کہ یہ میزائل شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کے شمال مغربی شہر کسونگ کے قریب لانچ کیا گیا۔
شمالی کوریا نے رواں برس سلسلہ وار میزائل ٹیسٹ کیے ہیں۔
شمالی کوریا نے گذشتہ ماہ بھی میزائل کے دو تجربات کیے تھے جو ناکام رہے تھے۔ دوسری جانب جنوبی کوریا اور جاپان نے شمالی کوریا کی جانب سے لانچ کیے جانے والے میزائل کی مزمت کی ہے۔ جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی ونہاپ کے مطابق ملک کے نئے صدر مون جے اُن نے اس صورتِ حال کے تناظر میں اپنی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔
جنوبی کوریا کی فوج نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ ‘نامعلوم پروجیکٹ ٹائل’ کسونگ سے داغا گیا تاہم اس نے مزید تفصیل نہیں بتائی۔ جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی ونہاپ کا کہنا ہے کہ یہ ایک بیلسٹک میزائل ہے۔ گذشتہ ماہ شمالی کوریا کا ایک میزائل تجربہ مبینہ طور پر ناکام ہوا تھا جس کے بارے میں امریکہ اور جنوبی کوریا کا کہنا تھا کہ میزائل لانچ کے چند سیکنڈ بعد ہی پھٹ گیا۔
شمالی کوریا نے حالیہ مہینوں میں کئی بار میزائل کے تجربات کیے ہیں اور چھٹا جوہری تجربہ کرنے کی بھی دھمکی دے رکھی ہے۔ حالیہ ہفتوں کے دوران شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان شدید بیان بازی کے بعد کوریائی جزیرہ نما میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ نے شمالی کوریا پر گذشتہ سال مزید پابندیاں عائد کی تھیں۔ یہ پابندیاں شمالی کوریا کی جانب سے چھ جنوری 2016 کو کیے گئے جوہری تجربے اور سات فروری کے سیٹلائٹ لانچ کے بعد عائد کی گئی تھیں۔