سپریم کورٹ کی اوڈیشہ حکومت کو ہدایت
نئی دہلی : سپریم کورٹ نے اوڈیشہ حکومت کو کندھمال فرقہ وارانہ فسادکے متاثرین کو اضافی معاوضہ دینے کی ہدایت دی ہے ۔ چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر اور جسٹس ادے امیش للت کی بینچ نے معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے اڑیسہ حکومت کی سرزنش کی اور حکومت کی جانب سے پہلے دئے گئے معاوضہ کو ناکافی قرار دیا۔
خیال رہے کہ 2008 میں آر ایس ایس سے وابستہ ایک شخص کے مبینہ قتل کے بعد اڑیسہ کے کندھمال میں عیسائیوں پر حملے کئے گئے تھے ۔ ان حملوں میں 38 افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ 25 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوگئے تھے۔ فساد کے دوران آر ایس ایس سے وابستہ لوگوں نے گھروں میں جم کر آگ زنی بھی کی تھی ۔کندھمال فساد کے سلسلہ میں مجموعی طور پر 8831 معاملات درج کئے گئے تھے اور اس سلسلہ میں 700 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا ۔