نئے شعبے کھولنا اور معیاری تعلیم میری ترجیحات: پروفیسر احمد
نئی دہلی۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد نے کہا ہے کہ جامعہ میں میڈیکل کالج کا قیام ، نئے شعبے کھولنا، چھوٹے شعبے کی توسیع اور معیاری تعلیم ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ یہ بات انہوں نے حالیہ دنوں میں جامعہ کی خالی کرائی زمین کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے زمین کی کمی اور اس سے ہونے و الی دشواریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے جامعہ کو نئے نئے شعبے کھولنے،چھوٹے شعبے کی توسیع اور دوسرے سنٹر کھولنے میں مدد ملے گی جس سے نہ صرف جامعہ کے ارد گرد رہنے والوں بلکہ ملک کے دیگر حصوں کے طلبہ کو بہت فائدہ پہنچے گا۔
جامعہ کی جائیداد پرقبضے خالی کرانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وائس چانسلر نے کہا کہ ابھی حال ہی میں بٹلہ ہاؤس بس اسٹینڈ کے پاس جامعہ کی ایک بڑی زمین خالی کرائی گئی ہے۔اس پر 2006میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا تھا لیکن خالی نہیں کرایا جاسکا تھا۔ ہم نے اس سلسلے میں کوشش کی اور پھر سے سپریم کورٹ سے آرڈر نکلوایا اور انتظامیہ پر دباؤ ڈال کراس زمین کو خالی کرایا گیا۔ اس کو خالی کرانے میں تین دن لگے۔ اس دوران ہمیں پولیس نے کافی مدد کی اور لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ صاحب کا بھی ہمیں تعاون حاصل رہا۔ واضح رہے کہ یہ زمین نوم چوسکی بلڈنگ سے متصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایسی کئی زمینیں ہیں جسے خالی کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ جامعہ کے پاس جگہ کی قلت ہے جس کی وجہ سے بہت سے شعبے شروع نہیں کرائے جاسکے ہیں۔ اس زمین کے ملنے سے جہاں این سی سی اور این ایس ایس کے بچوں کو ماک ڈرل کرنے کا موقع ملے گا وہیں اس زمین کا استعمال بہت سے نئے شعبے کھولنے میں کیا جاسکتا ہے۔