نئی دہلی : نتیش کماراور سونیا گاندھی میں 2019 عام انتخابات میں مهاگٹھ بندھن کے امکانات پر گفتگو ہوئی ہے۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار جمعرات کو کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملنے ان کی رہائش گاہ 10 جن پتھ پہنچے۔ مانا جا رہا ہے کہ دونوں کے درمیان صدارتی انتخابات میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے علاوہ 2019 لوک سبھا انتخابات میں مهاگٹھ بندھن کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں ملاقات کے دوران آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد پر اپوزیشن کے حملے کے بعد کے حالات پر بھی بات چیت ہوئی۔
دونوں لیڈروں کے درمیان تقریبا 45 منٹ تک بات چیت جاری رہی۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق نتیش بہار میں جے ڈی یو اور کانگریس کے درمیان مزید مؤثر اتحاد بنانا چاہتے ہیں تاکہ لالو پرساد کے دباؤ کا دونوں پارٹیوں مل مقابلہ کر سکیں۔ 80 ممبران اسمبلی والی راشٹریہ جنتا دل بہار میں مهاگٹھ بندھن کی سب سے بڑی پارٹی ہے، لیکن جے ڈی یو اور کانگریس کے ایک ساتھ آنے کے بعد ان کے ممبران اسمبلی کی تعداد 97 ہو جائے گی۔ملاقات کے دوران نتیش کمار نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کی صحت کے بارے میں بھی پوچھا۔ سونیا گاندھی کی گزشتہ دنوں طبیعت ٹھیک نہیں ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
ادھر اس خبر کے بعد بہار کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ بی جے پی لیڈر ونود نارائن جھا نے کہا کہ لالو یادو پر دباؤ بنانے کے لئے نتیش کمار نے سونیا گاندھی سے ملاقات کی ہے۔ جبکہ سونیا -نتیش کی ملاقات پر آر جے ڈی کے ریاستی صدر رام چندر نے کہا کہ نتیش کمار بہار کے وزیر اعلی ہیں اور سونیا گاندھی کانگریس کی قومی صدر ہیں، لہذا ایسی ملاقات میں کوئی بڑی بات نہیں ہے۔ بہار جیسا مهاگٹھ بندھن ملک کی دیگر ریاستوں میں کس طرح بنے ، اس وجہ سے یہ بحث ہوئی ہے، اس میں سیاست تلاش نہیں کرنی چاہئے۔