موغادیشو : صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں واقع کرمنل انوسٹی گیشن ڈیارٹمنٹ (سی آئی ڈی) کے ہیڈ کوارٹر کے باہر دہشت گردوں نے آج دو کار بم دھماکے کئے جن میں 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے بتایا کہ دہشت گرد تنظیم الشباب نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ پہلے دھماکے کے بعد تقریبا آدھے گھنٹے تک فائرنگ کی آوازیں سنائی دیتی رہیں۔ہیڈکوارٹر کے احاطے کے پاس چار افراد کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔ احاطے کی دیوار سے ملحق ایک بوتھ میں آگ لگ لگ گئی۔ ایک پولیس افسر حسین علی نے بتایا کہ اس واقعے میں چار دہشت گرد اور ایک فوجی سمیت 10 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور 15 دیگر زخمی ہو گئے ہیں جن میں سے کچھ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
الشباب کے ترجمان ابو مصعب نے بتایا کہ اس کے ایک خود کش حملہ آور نے ہیڈکوارٹر کے مرکزی دروازے کو دھماکہ خیز مواد سے بھری کار سے ٹکر مار کر حملے کی شروعات کی۔ واضح رہے کہ الشباب کی جانب سے منگل کو افریقی یونین کی امن بردار فوج کے کیمپ پر کئے گئے دو کار بم دھماکوں میں 13 افراد ہلاک ہوئے تھے۔موغادیشو کے ہوائی اڈے کے قریب واقع کیمپ پر کئے گئے دونوں دھماکے اتنے طاقتور تھے کہ ان سے قریبی عمارت کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ کر بکھر گیئ اور کچھ وقت کے لئے طیاروں کی پرواز بھی روک دی گئی تھی۔