لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے اترپردیش اسمبلی کی 403 سيٹوں کے لئے مزید 100 امیدواروں کی دوسری فہرست آج جاری کیا۔ بہوجن سماج پارٹی کی اس فہرست میں 22 مسلم، 27 دلت اور 13 برہمن امیدوار ہیں۔ بقیہ پسماندہ طبقے کے ہیں۔ جن حلقوں کے امیدوار وں کا آج اعلان کیا گیا ہے، وہاں انتخابات 11 اور 15 فروری کو پہلے اور دوسرے مرحلے میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ بہوجن سماج پارٹی تمام 403 نشستوں پر الیکشن لڑائی رہی ہے۔ کل بھی بی ایس پی نے 100 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی تھی۔ دوسری فہرست میں لکھنؤ، بریلی، اٹاوہ، لکھیم پور کھیری، کانپور دیہات، اناؤ، شاہجہاں پور سمیت 17 اضلاع کے امیدوار شامل ہیں۔ سابق وزیر نیكل دوبے کو لکھنؤ کے بخشی کا تالاب سیٹ سے امیدوار بنایا گیا ہے جبکہ راجیو شریواستو کو لکھنؤ وسطی اور اجے شریواستو کو لکھنؤ شمال سے امیدوار بنایا گیا ہے۔
محترمہ مایاوتی نے پہلے ہی کہہ دیا ہے کہ بی ایس پی 87 دلتوں، 97 مسلمانوں، 106 پسماندہ طبقہ اور 113 اعلی ذات کے امیدواروں کو ٹکٹ دے گی۔ اعلی ذات کی برادریوں میں 66 برہمن، 36 چھتریہ اور 11 کائیست، ویشیہ اور پنجابی کو ٹکٹ دیا جائے گا۔