سابق مرکزی اقلیتی وزیر ڈاکٹر نجمہ ہپت اللہ نے گورنر ہاؤس میں منی پور کی 18 ویں اور پہلی خاتون گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔ منی پور ہائي کورٹ کے کارگزار چیف جسٹس راکیش رنجن پرساد نے ڈاکٹر نجمہ ہپت اللہ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد بحیثیت گورنر انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ منی پور کے گورنر حلف لینے سے پہلے بھی میری پہلی ترجیح لوگوں کے لئے کام کرنا تھا اور اب
بھی میری یہی ترجیح ہے۔
منی پور قومی راجدھانی سے سیکڑوں میل دور ہے، لیکن یہ ہمارے دلوں سے دور نہيں ہے۔میں ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کام کرتی رہوں گی۔ قابل ذکر ہے کہ سب سے طویل عرصے تک (17سال) راجیہ سبھا کی ڈپٹی چیئرپرسن رہنے والی محترمہ نجمہ ہپت اللہ کو مئي 2014 سے جولائي 2016 تک مرکزي اقلیتی وزیر بنایا گيا تھا۔ انہوں نے حال ہی میں مودی کابینہ کی توسیع سے پہلے استعفی دے دیا تھا۔ جس کے بعد انہيں منی پور کے گورنر کے طورپر نامزد کردیا گيا تھا۔