بالی ووڈداکار عمران ہاشمی کا بیان
ممبئی۔ بولی وڈ اداکار عمران ہاشمی کا کہنا ہے کہ وہ اس بات سے کافی خوش ہیں کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ اچھا سلوک کیا جاتا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’ہندوستان میں مختلف ذات اور مذہب کے افراد موجود ہیں، لیکن ہم سب یہاں کافی سکون سے رہ رہے ہیں اور اب تک کسی بھی قسم کے بڑے مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا‘۔
واضح رہے کہ عمران ہاشمی کو مسلمان ہونے کی وجہ سے ممبئی کے ایک شاندار علاقے پالی ہلز میں ہاؤسنگ سوسائٹی نے گھر کے لیے این او سی دینے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد اداکار نے اس کے خلاف کئی بار آواز اٹھائی۔اس حوالے سے عمران ہاشمی کا کہنا تھا کہ ’میں اس واقعے کی بات نہیں کررہا، میں یہ نہیں کہتا کہ ایسے مسائل نہیں ہیں یا نہیں پیش آتے، لیکن یہ حکومت کی کامیابی ہے کہ ہم یہاں سکون سے زندگی گزار رہے ہیں، مجھے لگتا ہے ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ اچھا سلوک کیا جاتا ہے‘۔ 37 سالہ عمران ہاشمی نے بولی وڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز 2003 میں وکرم بھٹ کی فلم ’فٹ پاتھ‘ سے کیا تھا، اس کے بعد وہ کئی کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوئے جن میں ’راز‘، ’دی ڈرٹی پکچر‘، ’مرڈر‘، ’جنت‘ اور ’آوارہ پن‘ وغیرہ شامل ہیں۔عمران ہاشمی اس وقت اپنی فلم ’راز ریبوٹ‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں۔ ویشیش فلمز کی پروڈکشن میں بننے والی ہارر فلم ’راز ریبوٹ‘ 16 ستمبر کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔