شکاگو۔ امریکہ میں مسلمانوں اور اسلام کے خلاف نفرت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ حال میں ایف بی آئی کے جاری کردہ اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ ایک منظم منصوبہ کے تحت امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا بازار گرم کیا جا رہا ہے۔
امریکہ میں مسلمانوں سے نفرت کا تازہ معاملہ امریکہ کے شکاگو میں پیش آیا۔ یہاں ایک نامعلوم شخص ایک برقع پوش مسلم خاتون کے پاس چیختے ہوئے پہنچا
اور اس سے حجاب اتار دینے کو کہا۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں خاتون کو جلا دینے کی دھمکی دی۔ شکاگو کی پولیس اس واقعہ کی تفتیش کر رہی ہے۔
نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے لکھا ہے کہ ایک مسلم خاتون نے پولیس میں شکایت درج کرائی کہ ایک نامعلوم شخص اس کے پاس پہنچا اور پھر چیخنے لگا۔
اس شخص نے مسلم خاتون کے مذہب کو بھی لعن طعن کیا اور اس سے حجاب اتارنے کو کہا۔ افسران کے مطابق، اس واقعہ کے بعد خاتون وہاں سے چلی گئی۔
پولیس میں شکایت درج کرانے کے بعد دھمکی دینے والا شخص فرار ہو گیا ہے۔ پولیس اب یہ تفتیش کر رہی ہے کہ کیا وہ نشہ میں تھا یا پھر اس کا مذکورہ خاتون سے کوئی تعلق تھا۔
خیال رہے کہ حقوق انسانی کی تنظیموں نے بھی ڈونالڈ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد تشدد میں اضافہ پر تشویش ظاہر کی ہے۔