نئی دہلی۔ مودی حکومت حج کے ‘غیر ضروری’ اخراجات ختم کرنے کی تیاری میں ہے۔ مرکزی حکومت حج کے سفر کے لئے کئی جگہوں سے پرواز پر نئے سرے سے غور کی تیاری کر رہی ہے۔
اقلیتی امور کی وزارت غیر ضروری اخراجات پر لگام لگانے اورعازمین حج کے لئے بہترین سہولتیں مہیا کرانے کے مقصد سے حج فلائٹ آپریشن کا جائزہ لینے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔
فی الحال ملک میں حج کے سفر کے لئے کل 21 امبارکیشن پوائنٹس ہیں یعنی ان جگہوں سے حج کے لئے پرواز ہوتی ہے لیکن اقلیتی امور کے وزیر مختار عباس نقوی نے جمعہ کو کہا کہ اسے میں کمی کرنے کی ضرورت ہے۔
نو بھارت ٹائمس کے مطابق، نقوی نے کہا کہ امبارکیشن پوائنٹس کو کم کرکے زیادہ سے زیادہ 9 کیا جا سکتا ہے۔ ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2012 میں سپریم کورٹ کی دی گئی ہدایات کے مطابق اس معاملے کو دیکھنا ضروری ہے۔ کورٹ نے حج مسافروں کے لئے ایئر ٹریول سبسڈی کو آہستہ آہستہ کم کرنے کو کہا تھا۔
سپریم کورٹ نے 2022 تک حج سبسڈی ختم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ ریاستوں کے اقلیتی امور کے سیکرٹریوں کے ساتھ ایک کانفرنس میں نقوی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے پیش نظر مرکز نے حج پالیسی میں بہتری کے لئے تجاویز دینے کے مقصد سے ایک 6 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔