شیلانگ: بی جے پی میگھالیہ میں اقتدار میں آئی تو بی جے پی بیف کو سستا کردے گی۔ ملک کی بعض ریاستوں میں بیف پر پابندی کے خلاف احتجاج کے پیش نظر میگھالیہ میں آج ایک بی جے پی لیڈر نے کہا ہے کہ اگر اس ریاست میں بی جے پی اقتدار میں آگئی تو بیف پر پابندی لگانے کی بجائے اس کی قیمت کم کردی جائے گی تاکہ غرباء کی ضرورت پوری ہوسکے۔ بی جے پی لیڈر نے برنارڈ مارک نے کہا کہ بی جے پی بیف کے علاوہ دوسرے گوشت کی قیمتوں کو بھی منضبط کرے گی اور گارو ہلس علاقوں میں مذبح کو قانونی حیثیت دی جائے گی۔
مسٹر مارک نے جو کبھی جنگجو لیڈر ہوا کرتے تھے ، یہ بھی کہا کہ میگھالیہ میں زیادہ تر بی جے پی لیڈر بیف کھاتے ہیں اور مرکز اسکے استعمال پر پابندی نہیں لگاسکتا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ میگھالیہ جیسی ریاست خاص طور پر گارو ہلس میں بیف پر پابندی کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ میگھالیہ کے بی جے پی رہنمایان اس کے تاریخی پس منظر سے پوری طرح واقف ہیں۔ لہذا پہاڑی علاقوں اور بیف پر پابندی کی آئینی شقوں کو میگھالیہ میں نافذ نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی کانگریسی حکومت گوشت کی قیمت کو منضبط کرنے میں ناکام ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ہراسانی کا سامنا ہے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ بیف پر پابندی کے تعلق سے پریشان نہ ہوں اور دوسری سیاسی پارٹیوں کے اثر میں نہ آئیں۔