میرٹھ :تنازعات میں رہنے کے لیے مشہور بالی وڈ اداکارہ راکھی ساونت کے خلاف میرٹھ کی ایک عدالت میں دائر عرضی سماعت کے لئے منظور کر لی گئی ہے ۔
امریکہ میں ایک تقریب کے دوران راکھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی تصویر والا سیاہ رنگ کا لباس پہن کر وزیراعظم کی توہین کی ہے ۔ میرٹھ میں ایک غیر سرکاری تنظیم نے اداکارہ کی اس حرکت پر سخت اعتراض ظاہر کرتے ہوئے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں عرضی دائر کی جسے کل سماعت کے لئے منظور کر لیا گیا۔
غیر سرکاری ادارے کے وکیل نتن اہلووالیہ نے بتایا کہ پٹیشن سی آر پی سی کی دفعہ 156 (3) کے تحت دائر کی گئی تھی۔ معاملہ کی سماعت 17 اگست کو ہوگی۔ مسٹر اہلووالیہ نے کہا کہ ادارے نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ فلم اداکارہ کے خلاف معاملہ کو تعزیرات ہند کی دفعہ 294 (عوامی مقام پر فحاشی) اور دفعہ 501 (پرنٹنگ یا نقاشی کے ذریعے کسی کی شبیہکو نقصان پہنچانا) کے تحت درج کیا جائے ۔ عدالت پر یہ بھی زور دیا گیا کہ اداکارہ کے خلاف خواتین کی فحش نمائندگی ایکٹ 1986 کے تحت بھی مقدمہ درج کیا جائے ۔
ادارے کے افسر نے کہا کہ دس اگست کو راکھی ساونت نے نریندر مودی کی تصاویر والا جو لباس پہنا تھا اس کی تصویر دیکھی ہے ۔ تصویر سوشل میڈیا میں وائرل ہو چکی ہے اور انٹرنیٹ پر بھی موجود ہے ۔ اس طرح کی ڈریس پہن کر ہندوستانی اداکارہ نے نہ صرف نریندر مودی کی توہین کی ہے بلکہ پوری دنیا میں ہندوستان کی شبیہ کو بھی ٹھیس پہنچائی ہے ۔
پٹیشن دائر کرنے والے ادارے کی نائب صدر لتا نے کہا کہ راکھی نے متنازعہ لباس پہن کر وزیر اعظم کے تئیں توہن آمیز رویہ اختیار کیا ہے اور اپنی عادت کے مطابق راکھی کی یہ حرکت سستی مقبولیت حاصل کرنے کی ایک اور کوشش ہے ۔