نئی دہلی : ایم سی ڈی انتخابات کے لئے دہلی میں آج سے بی جے پی گھر گھر دستک مہم چلائے گی۔ 23 اپریل کو دہلی میں میونسپل الیکشن ہونے والا ہے۔ اس موقع پر بی جے پی نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ دہلی کے عوام کو لبھانے کے لئے بی جے پی آج سے بوتھ سطح پر گھر گھر دستک مہم چلائے گی۔ اس کے لئے بی جے پی نے دہلی کے تمام پارلیمانی علاقوں میں گزشتہ روز میٹنگ کی۔
میٹنگ میں بی جے پی کے قومی نائب صدر ، دہلی ریاستی صدر اور رکن پارلیمنٹ منوج تیواری، سردار آر پی سنگھ، ریاستی نائب صدر کلونت سنگھ اور ضلع صدر اجے مہاور اور پرویش شرما شامل ہوئے۔ اس مسئلے پر بی جے پی قومی نائب صدر کا کہنا ہے کہ ’23 اپریل کو دہلی کے عوام جو ووٹ ڈالیں گے ، وہ نہ صرف بی جے پی کو ایک مضبوط میونسپل چلانے کیلئے ووٹ ہوگا، بلکہ کیجریوال حکومت کے خلاف مینڈیٹ بھی ہوگا۔
بی جے پی دہلی کے صدر منوج تیواری کے مطابق ‘بوتھ سطح پر ووٹروں سے براہ راست رابطہ کے ساتھ ساتھ پنچ پرمیشور ، آرڈبليو اے ، تجارتی اور سماجی تنظیموں سے بھی بات چیت کی جائے گی۔ خیال رہے کہ بی جے پی میونسپل انتخابات کو ہلکے میں نہیں لے رہی ہے۔ ایسے میں وہ گھر گھر دستک مہم کے ذریعے عوام سے جڑنا چاہ رہی ہے ، تاکہ میونسپل انتخابات میں اسے کامیابی ملے۔