بیڑ : مراٹھی روزنامہ پارشوبھومی کی پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی پر مسلمانوں میں برہمی ہے۔ مہاراشٹر کے بیڑ شہر میں ایک مراٹھی اخبار روزنامہ پارشو بھومی نے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کی ہے ۔ مرا ٹھی روزنامہ پارشوبھومی نے اپنے اخبار میں ایک مضمون میں پیغمبر اسلام کا (نعوذ باللہ ) ایک کارٹون شائع کیا ہے، جس کی وجہ سے شہر کے عوام میں شدید غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے ۔ناراض لوگوں نے اس کے خلاف پولیس اسٹیشن کے باہر مظاہرہ کیا اور اخبار کے ایڈیٹر کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
عید میلادالنبی کے موقع پر مراٹھی اخبار نے پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کی ، جس کے خلاف بڑی تعداد میں بیڑ شہر کے نوجوانوں نے پولیس اسٹیشن کا گھیراو کیا اور معاملہ درج ہونے تک دھرنا دیا ۔ ساتھ ہی ساتھ مراٹھی اخبار کے مدیر اعلیٰ کو گرفتار کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔
تاہم بیڑشہر کے علما اور دانشوروں نے مسلم نوجوانوں کو روکنے اور سمجھانے کی کوشش کی ۔ مسلم نوجوانوں کو کسی بھی طرح کی کوئی نازیبا حرکت نہ کرنے کی تلقین بھی کی ۔ بیڑ شہر کے پولیس اسٹیشن میں مسلمانان بیڑ شہر کی جانب سے معاملہ درج کیا گیا ۔
کے جی این گروپ کے مہاراشٹر صدر ظہیر نے کہا کہ اس طرح کی حرکت ملک کی قومی یکجہتی کو ختم کرنے کی سازش ہے ۔ ہندوستان میں ہندو مسلم دونوں مذہب کے لوگ ایک ساتھ رہتے ہیں ، اس طرح کے نیوز و کارٹون شائع کرکے کچھ لوگ ملک کو نقصان پہچانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ یہ آر ایس ایس کی ایک چال
نظر آرہی ہے ۔ پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی کرنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے ۔