پٹنہ:بہار میں مکمل شراب بندی کے بعد مستعد پولیس نے گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران مختلف مقامات سے بھاری مقدار میں غیر ملکی شراب کے ساتھ فوج کے ایک جوان سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔ حاجی پور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مشرقی وسطی ریلوے کے حاجی پور اسٹیشن پر آج علی الصبح جموں سے بھاگلپور جا رہی امرناتھ ایکسپریس ٹرین سے شراب لے کر اتر رہے فوج کے جوان راجیش کمار کے علاوہ منیش کمار اور پریتي آنند کو ریل پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ان کے پاس سے غیر ملکی شراب کی 54 بوتلیں برآمد کی گئی۔ جموں و کشمیر میں تعینات فوج کا جوان ضلع کے دیسري تھانہ حلقہ کے کھورم پور گاؤں کا رہائشی ہے ۔ نوادہ سے موصولہ رپورٹ کے مطابق رجولی تھانہ حلقہ کے رجولی چیک پوسٹ پر گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران پولیس نے کل دیر رات ایک گاڑی پر سوار دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے پاس سے 14 بوتل غیر ملکی شراب برآمد کی۔ پولیس کے مطابق جھارکھنڈ سے شراب لائی گئی تھی۔ مظفر پور سے موصولہ رپورٹ کے مطابق سکرا تھانہ حلقہ سے آبکاری محکمہ نے بھاری مقدار میں غیر ملکی شراب برآمد کیا ہے ۔محکمہ کے سپرنٹنڈنٹ کمار امت نے آج یہاں بتایا کہ سکرا تھانہ حلقہ کے متھراپور روپن پٹی پنچایت کے سربراہ منچن ٹھاکر کے اینٹ بھٹہ پر کل دیر شام محکمہ کی ٹیم نے چھاپہ مار کر 26 کاٹن غیر ملکی شراب برآمد کی۔ شراب برآمدگی کے بعد اینٹ بھٹہ کا دفتر سیل کر دیا گیا ہے ۔ سربراہ کی تلاش کی جا رہی ہے ۔