ممبئی۔ غوث محی الدین نے کیش لیس خرید و فروخت کیلئے خدرہ ایپ بنایا ۔ کرنسی نوٹ کے بغیر خرید و فروخت کو آسان ترین بنانے کے لئے حیدرآباد کی ایک سافٹ وئیر کمپنی کے مالک غوث محی الدین نے ایک ایسا ایپ تیار کیا ہے جو نیٹ بینکنگ اور ڈیجیٹل منی ٹرانسفر دونوں کا کام انجام دے گا ۔ اس ایپ کو بڑے تجارتی مراکز کے علاوہ چھوٹے کاروباریوں کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے ۔
غوث محی الدین ایک کمپیوٹر سافٹ ویئر انجینئر ہیں ۔ 15 سالوں تک مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں میں اپنی خدمات انجام دینے کے بعد انہوں نے 2015 میں اپنی سافٹ ویئر کمپنی خدرہ سافٹ قائم کی ۔ اس کمپنی نے ایک ایسا ایپ تیارکرنے میں کامیابی حاصل کی ،جو آن لائن ادائیگی کے طریقہ کو آسان سے آسان تر بنا ئے گا۔ اس ایپ کو خدرہ پے کا نام دیا گیا ہے۔
غوث محی الدین کا کہنا ہے کہ یہ ایپ آج کل نقدی کے بغیر ادائیگی کے لئے استعمال ہونے والے دیگر ایپس سے زیادہ سہولتبخش ہوگا ، کیونکہ یہ آج کل کے دونوں مقبول طریقہ کار نیٹ بینکنگ اور ڈیجیٹل منی ٹرانسفر کےامتزاج کی شکل میں ہوگا ۔ اس کے ذریعہ صارفین نقدی کے بغیراپنے پیسوں کو کسی بھی ایپ میں ٹرانسفر کرکے بازار میں خرید و فروخت کر سکتے ہیں ۔