شرینگر۔ سری نگرپارلیمانی ضمنی انتخابات میں محض 6.5 فیصد پولنگ ، تشدد کے دوران 8 ہلاک ہو گئے۔ وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں اتوار کو سری نگر کی پارلیمانی نشست کے لئے ضمنی انتخابات کے تحت پولنگ کے دوران آزادی حامی احتجاجی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے مابین بدترین جھڑپوں میں 8 نوجوان ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔ سری نگر کی پارلیمانی نشست وسطی کشمیر کے تین اضلاع سری نگر، بڈگام اور گاندربل پر محیط ہے۔ یہاں آج محض 6.5 فیصد ووٹ ڈالے گئے ۔
ضلع بڈگام کے علاوہ سری نگر اور گاندربل اضلاع میں بھی کم از کم ایک درجن مقامات پر آزادی حامی مظاہرین اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جن میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تاہم تشدد کے سب سے زیادہ واقعات ضلع بڈگام میں رونما ہوئے جہاں سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں کم از کم8 نوجوان ہلاک جبکہ درجنوں دیگر زخمی ہوگئے۔
متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ شدید زخمی نوجوان گولیاں، چھرے یا آنسو گیس کے شیل لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع بڈگام میں پولنگ کے آغاز کے ساتھ احتجاجی مظاہرین نے کم از کم ایک درجن مقامات پر سیکورٹی فورسز پر سنگبازی کرنا شروع کی۔