جموں:جموں و کشمیر کے سرحدی پونچھ ضلع کے اللہ پیر علاقے میں کل صبح ساڑھے سات بجے سے قریب 12 گھنٹے تک چلی میں تین جنگجووں کے مارے جانے کے بعد آج صبح اس جگہ دوبارہ فائرنگ شروع ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ پونچھ قصبے سے فوج بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے پاس زیر تعمیر سیکرٹریٹ کے اندر چھپے باقی جنگجووں نے صبح سات بجے کے قریب پھر سے فائرنگ شروع کر دی۔ آخری خبریں ملنے تک سلامتی دستوں اور جنگجووں کے درمیان تصادم جاری تھا۔سلامتی دستوں نے کل رات جھڑپ ختم ھونے کے بعد علاقے کا محاصرہ کر رکھا تھا۔ کل کی جھڑپ میں ایک پولیس والا شہید ہو گیا تھا اور فوج کے دو جوان، ایک پولیس والا اور ایک گھریلو ملازم زخمی ہوگئے تھے ۔ مارے گئے جنگجووں میں سے اب تک ایک کی لاش برآمد کی جا سکی ہے ۔