جے پور۔ جے پور-آگرہ ہائی وے پر کہرے کے سبب درجنوں گاڑیوں کے تصادم میں ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ راجستھان کی راجدھانی جے پور کے نزدیک جے پور-آگرہ ہائی وے پر آج گہرے دھند کی وجہ سے ایک کے بعد ایک تقریباً دو درجن سے زائد گاڑیوں میں ٹکر ہوجانے سے ایک شخص ہلاک اور ڈیڑھ درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
جے پور-آگرہ ہائی وے ہوئے حادثے کی اطلاع ملتے ہی آس پاس کے دیہاتیوں نے زخمیوں کو گاڑیوں سے باہر نکالا اور امدادی کام شروع کیے۔
كانوتا پولیس کے مطابق صبح تقریبا ًچھ سے سات بجے کے درمیان آگرہ روڈ پر گھنے کہرے کی وجہ سے ایک کے بعد ایک دو درجن سے زائد گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں ۔ انتظامیہ کی جانب سے ایک شخص کی موت کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ ڈیڑھ درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے جنہیں پرائمری ہیلتھ کلینک اور جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اس حادثے میں دوسا کے باشندہ سہیل کی موت ہوگئی جبکہ جتیندر، لالورام، منگل رام، جگدیش، اروند، دیپک، عشق، بنواری، کنیا، مکیش، اشوک، ایوب، مراری لال، جگدیش، رام سهائے، رمیش، مکیش، چندر پرکاش، ساحل، انیس، نریش، مول چند، نریش، کرشن ، وریندر اور رمیش زخمی ہو گئے۔ اس حادثے کے بعد قومی شاہراہ پر دو سے تین کلومیٹر لمبا جام لگ گیا۔ پولیس کو جام کھلوانے میں تین گھنٹے سے زیادہ لگ گئے۔ حادثے میں لو فلور بسیں، جیپ، کار اور ٹرک شامل ہیں۔