افغانستان میں دہشتگرد تنظیم داعش کے سربراہ حافظ سعید کی ہلاکت کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر خبریں گردش کررہی ہیں اور افغان وزارت دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ حافظ سعید کی ہلاکت سے متعلق تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
افغان خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان وزارت دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ داعش کے سربراہ حافظ سعید کے ہلاک ہونے کی خبروں سے آگاہ ہیں تاہم ان کی تصدیق کے لیے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
جبکہ افغان نیشنل آرمی کے کمانڈر جنرل زمان وزیری کا کہنا تھا کہ حافظ سعید اپنے تیس ساتھیوں سمیت صوبہ ننگرہار میں ہونے والے ایک آپریشن کے دوران ہلاک ہو چکا ہے۔
داعش سربراہ کی ہلاکت کی خبر ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب افغان نیشنل ڈیفنس اور سیکیورٹی فورسز نے دو ہفتے سے صوبہ ننگرہار میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر رکھا ہے۔
تاہم یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ حافظ سعید کے ہلاک ہونے کی خبریں گردش کررہی ہیں اس سے قبل بھی گزشتہ برس بارہ جولائی کو ایسی خبر منظرعام پر آئی تھی۔