عراق کے دارالحکومت بغداد میں کئی دہشت گردانہ بم دھماکوں میں دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہو گئے ہیں۔
ارنا نے عراقی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جمعرات کی رات بغداد کے شمال مغربی علاقے توپچی میں بم کے دھماکے میں دو افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔
ایک اور دہشت گردانہ حملہ بغداد کے شمال مشرقی علاقے الشعب میں کیا گیا جس میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔
جمعرات کی صبح بھی بغداد کے علاقوں عرب جبور اور سبع البور میں دو بم دھماکے ہوئے تھے جن میں تین افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہو گئے تھے۔
درایں اثنا عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ترجمان احمد الاسدی نے کہا ہے کہ ہم موصل میں داعش کے دہشت گردوں کو شکست سے دوچار کریں گے اور آپریشن شروع ہونے کے بعد ہم داعش کے دہشت گردوں کو شام کی جانب فرار ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم نے تمام ممکنہ راستوں کی ناکہ بندی کر لی ہے اور وزیراعظم حیدر العبادی کا حکم ملتے ہی موصل کی آزادی کا آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔
عراقی وزارت دفاع نے بھی جمعرات کے روز اعلان کیا تھا کہ عراقی فورسز موصل کی آزادی کا آپریشن شروع کرنے کے لیے تیار ہیں۔