ممبئی۔ آئی پی ایل 2017 کا فاتح ممبئی ہوگا یا پونے؟ حیدرآباد میں خطابی مقابلہ آج۔ انڈین پریمیئر لیگ 2017 (آئی پی ایل) کا فائنل اتوار کو ممبئی انڈینز اور رائزنگ پونے سپر جاینٹس کے درمیان حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔ ممبئی انڈینز اس سے پہلے دو مرتبہ آئی پی ایل جیت چکی ہے جبکہ پونے کی ٹیم پہلی بار ٹرافی کو حاصل کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔ انڈیا کے سابق کپتان اور آئی پی ایل کے تجربہ کار کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی کی موجودگی پونے کی ٹیم کے حامیوں کا حوصلہ بڑھا رہی ہے۔
دھونی آئی پی ایل کے 10 سیزن میں ساتویں بار فائنل کھیلنے اتریں گے۔ وہ دو بار چینی سپر کنگز کے لیے ٹرافی بھی جیت چکے ہیں۔ سابق انڈین کرکٹر روی شاستری نے ٹوئٹر پر لکھا: آئی پی ایل کی ایک دہائی (کی تاریخ) میں سات فائنل۔ یہ ہے سٹائل کے ساتھ فننش کرنا۔ آئی پی ایل کے سب سے بڑے باس ایم ایس دھونی ہیں۔ دھونی نے اپنی کپتانی میں سنہ 2010 اور 2011 میں چینئی سپر کنگس کو ٹرافی دلائی تھی۔ سنہ 2010 میں انھوں نے یہ کامیابی ممبئی انڈینز کے خلاف ہی حاصل کی تھی۔
ممبئی کے خلاف پلے آف سٹیج میں دھونی کی کارکردگی بھی شاندار رہی ہے۔ انھوں نے ناک آؤٹ میچوں میں ممبئی کے خلاف 64.66 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ ممبئی کے خلاف کوالیفائنگ مقابلے میں دھونی نے پانچ چھکوں کی مدد سے 40 رنز بنا کر جیت کی بنیاد رکھی تھی۔
روندر جڈیجہ کے نام والے ایک نقلی اکاؤنٹ کے ایک ٹویٹ میں آئی پی ایل میں دھونی کی موجودگی کو بیان کرتے ہوئے لکھا: ‘آئی پی ایل ایک ایسا ٹورنامنٹ ہے جہاں ٹیمیں ایم ایس دھونی سے فائنل میں مقابلہ کے لیے اترتی ہیں۔ اگرچہ، پونے صرف دھونی کے ہی بھروسے نہیں ہے۔ کپتان سٹیو سمتھ ٹورنامنٹ میں ٹیم کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں۔ راہل ترپاٹھی اور منوج تیواری کے بیٹ سے بھی رنز نکلتے رہے ہیں جبکہ اجنکیا رہانے بھی رنگ میں آ چکے ہیں۔
بولنگ میں جے دیو اناڈكٹ مخالف بلے بازوں کے لیے مصیبت بنے ہوئے ہیں۔ موجودہ سیزن میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین بار مقابلہ ہوا ہے اور ہر بار پونے نے ممبئی انڈینز پر جیت درج کی ہے۔ لیکن، ممبئی کے حامیوں کو یقین ہے کہ فائنل میں نتیجہ تبدیل ہو سکتا ہے۔
ترون نامی ایک ٹویٹر صارف نے امید ظاہر کی ہے کہ ممبئی کی ٹیم فائنل میں گذشتہ تین میچوں کا بدلہ لے سکتی ہے۔ کولکتہ نائٹ رائڈرز کے خلاف ممبئی کے بولروں کرن شرما اور جسپريت بمرا کا مظاہرہ اس امید کی بڑی وجہ نظر آتا ہے۔ ممبئی انڈیئنز کے لیے ان کی بیٹنگ کمزور ہے۔ ممبئی انڈیئنز کے کپتان روہت شرما اور ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ نے رواں سیزن میں اپنی بیٹنگ کا جوہر نہیں دکھایا ہے۔
پارتھیو پٹیل ٹیم کے سب سے کامیاب بلے باز ہیں لیکن پونے کے خلاف کوالیفائر مقابلے کا نتیجہ بتاتا ہے کہ صرف ان کے بھروسے ممبئی ٹیم جیت کی امید نہیں کر سکتی ہے۔ سٹیون سمتھ نے کہا کہ فائنل تک اس ٹیم کی قیادت کرنا شاندار رہا۔ مجھے سٹیون فلیمنگ اور دھونی کے ساتھ مل کام کرنے میں بہت خوشی ملی۔ جبکہ روہت شرما نے فائنل تک پہنچنے کا سہرا ٹیم ورک کو دیا ہے۔