صوبہ ہیبی میں حکام کے مطابق 144 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 111 لاپتہ ہیں
چین میں حکام کے مطابق ملک کے شمالی اور وسطی حصوں میں بارشوں اور سیلاب سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد کم از کم 150 ہو گئی ہے اور بیسوں لاپتہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب کے نتیجے میں لاکھو افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔
٭ چین میں سیلاب سے کم از کم 78 ہلاک، درجنوں لاپتہ
سیلابی ریلوں اور مٹی کے تودے گردے سے صوبہ ہیبی اور ہینان میں ہزاروں مکان تباہ ہوگئے ہیں جبکہ فصلوں کو بھی بھاری نقصان
پہنچا ہے۔
چینی حکام کا کہنا ہے کہ وہ سیلاب زدہ علاقوں کے لیے فنڈز جاری کریں گے۔
صوبہ ہیبی میں حکام کے مطابق 144 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 111 لاپتہ ہیں جبکہ 53 ہزار مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔
ساؤتھ چائنہ مارننگ اخبار کے مطابق صوبے میں ہزاروں متاثرین نے بارشوں اور سیلاب کے بارے میں بروقت آگاہ نہ کرنے اور موثر امدادی کارروائیں نہ ہونے پر احتجاج بھی کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے شن ہوا کے مطابق بہت سارے علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے اور مواصلاتی اور آمدورفت کا نظام بھی متاثر ہوا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق ایک لاکھ 50 ہزار ہیکٹر رقبے پر فصلوں کو نقصان ہوا ہے جبکہ کل نقصان کا تخمینہ تین ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔