پٹنہ:بہار انٹرمیڈیٹ امتحان گھپلہ کے کیس کے دو ملزمان کو پناہ دینے کے ملزم کو پٹنہ کی ایک خصوصی عدالت نے آج ضمانت دے دی۔
وجیلنس کے خصوصی جج راگھویندر کمار سنگھ نے ملزم پربھات کمار جیسوال کی جانب سے داخل کی گئی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے بعد انہیں 20 ہزار روپے کے ذاتی مچلکے کے ساتھ اسی رقم کے دو ضمانت داروں کا بانڈ پیپر داخل کرنے کے بعد ضمانت پر رہاکئے جانے کا حکم دیا۔
مسٹر جیسوال پر کیس کے دو ملزم بہار اسکول امتحان کمیٹی کے سابق صدر ڈاکٹر لال کیشور پرساد اور ان کی بیوی ڈاکٹر اوشا سنہا کو وارانسی میں پناہ دینے کا الزام ہے ۔
واضح رہے کہ اس سال انٹر کے امتحان میں ٹاپ ہوئے کچھ طلباء و طالبات سے ایک ٹی وی چینل نے جب سوال کیا تب اس بات کا انکشاف ہوا کہ انہیں اپنی تعلیم کے سلسلے میں عام معلومات بھی نہیں ہے ۔ بعدازاں پتہ چلا کہ بہار اسکول امتحان بورڈ کے کچھ اہم عہدوں پر بیٹھے لوگ اور تعلیم مافیا نے ملی بھگت کرکے طلباء و طالبات کو نہ صرف پاس کرایا بلکہ ٹاپ بھی کروا دیا۔