ناگپور : ٹیم انڈیا ناگپور میں بھی اگر ہاری تو اپنی ہی سر زمین پر گزشتہ ایک سال میں پہلی مرتبہ سیریز ہارنے کا شرمناک ریکارڈ بنے گا۔ انگلینڈ کے خلاف اتوار کو ہونے والے دوسرے ٹی – 20 میچ میں جب ٹیم انڈیا میدان پر اترے گی ، تو اس کا واحد مقصد کامیابی حاصل کرنا ہوگا ۔
ناگپور کے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں ٹیم انڈیا جیت حاصل کر کے سیریز میں واپسی کرنا چاہے گی ۔ یہ میچ مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا ۔
وراٹ کوہلی کی کپتانی میں پہلی مرتبہ ٹیم انڈیا پر سیریز میں شکست کا خطرہ منڈلا رہا ہے ۔ ٹیسٹ اور ون ڈے میں شکست کھانے والی انگلینڈ نے کانپور میں کھیلا گیا پہلا میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز میں 1- 0 کی برتری حاصل کرلی ہے ۔
اب مہمان کے پاس پہلی مرتبہ دورے پر برتری حاصل ہے ، جس کو وہ انجام تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہے گا ۔
رنوں کا انبار لگانے والے ہندوستانی بلے باز پہلے میچ میں کچھ خاص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے ۔ سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے 36 رن اور سریش رینا نے 34 رنوں کی اننگز کھیل کر ٹیم کو 147 کے اسکور تک پہنچایا تھا ۔
اسے دیکھتے ہوئے ٹیم میں تبدیلی ممکن ہے ۔ سلامی بلے باز لوکیش راہل کا بلہ ون ڈے سیریز کے بعد کانپور میں بھی خاموش رہا ۔ کوہلی اور چیف کوچ انیل کمبلے ان کی جگہ پر نوجوان رشبھ پنت کو موقع دے سکتے ہیں ۔