بالی وڈ اداکار سنجے دت انڈیا کے سب سے زیادہ متنازع فلمی شخصیات میں سے ایک ہیں۔ ان کی شراب نوشی اور منشیات کی لت، ان کے مبینہ معاشقے اور سب سے بڑھ کر دہشت گردی کے ایک معاملے میں ان کا ملوث ہونا اور ان کے جیل جانے کی باتیں بھرپور انداز میں پیش کی گئی ہیں۔
لیکن ابھی حال ہی میں ریلیز ہونے والی ان پر مبنی ایک فلم پر یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ یہ ان کے ماضی پر ’پردہ ڈالنے‘ کی کوشش ہے۔ اس بارے میں ارپنا الیوریکی تحریر پیش ہے۔
ریلیز کے ایک ہفتے بعد فلم ’سنجو‘ انڈیا کی کامیاب ترین فلموں میں شمار کی جانے لگی ہے۔ لیکن فلم ناقدین نے اس فلم کو ’بددیانت‘ اور ’گمراہ کن‘ قرار دیا ہے جبکہ جنھوں نے یہ فلم دیکھی ہے ان میں سے بعض نے اسے ’مدح سرائی‘ کہا ہے جبکہ ٹوئٹر پر اسے ’رابطۂ عامہ کی مہم‘ کہا گيا ہے۔
رنبیر کپور کے سنجے دت کا کردار ادا کرنے پر زبردست تعریف کی گئی ہے کہ انھوں نے ان کے کردار میں ڈوب کر اداکاری کی ہے جبکہ سنجے دت کی اپنے والد کے ساتھ جذباتی رشتے کی پیشکش کے لیے فلم کی تعریف کی گئی ہے۔ فلم کا تجزیہ کرنے والوں کا خیال ہے کہ ’یہ فلم دیانت داری کے علاوہ سب کچھ ہے۔‘