ہیٹی میں رواں ہفتے ہونے والے صدارتی انتخابات بھی ملتوی کر دیے گئے ہیں
ہیٹی میں حکومت کا کہنا ہے کہ میتھیو طوفان کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 283 تک پہنچ گئی ہے۔ شہر جیریمی میں 80 فیصد عمارتیں زمین بوس ہو چکی ہیں جبکہ جنوبی صوبے میں 30 ہزار مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔
50 کے قریب افراد کی ہلاکت جنوبی شہر روشے آ بیتیو میں ہوئی ہے۔ اس سمندری طوفان کو چوتھے درجے کا طوفان قرار دیا جارہا ہے اور اب یہ امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ایک مقامی اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ صرف جنوبی قصبے روشے آ بیتیو میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 50 ہے۔ ہیٹی دور دراز کے متاثرہ علاقوں سے موصول ہونے والی تازہ تصاویر میں تباہی کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔ ایک مرتبہ پھر اس طوفان کو کیٹیگری فور میں رکھا گیا ہے اور اسے دوسرا شدید ترین طوفان قرار دیا جا رہا ہے جس کا رخ اس وقت امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب ہے۔
جنوبی ساحل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی عمارتیں پانی میں بہہ گئی ہیں اور بعض کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں میتھیو طوفان ہیٹی میں تباہی کے بعد اب باہماس سے اوپر سے گزر رہا ہے اور توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ یہ جمعے کی صبح فلوڑیڈا سے ٹکرائے گا۔ امریکی حکام کے مطابق فلوریڈا، جورجیا اور جنوبی کیرولائنا میں 20 لاکھ سے زائد افراد کو ساحلی علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا گیا ہے۔ طوفان سے شمالی کیرولائنا کے علاقے بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ایک مقامی اہلکار نے بتایا ہے کہ صرف جنوبی قصبے روشے آ بیتیو میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 50 ہے۔ اس سے قبل ہیٹی میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 23 بتائی گئی تھی لیکن جب ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اداروں کے اہلکاروں کو جمعرات کے روز بعض دور دراز علاقوں تک رسائی حاصل ہوئی تو ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور یہ تعداد بڑھ کر سو سے زائد ہوگئی۔ فضا سے حاصل کی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنوب مغربی قصبے جیریمی میں سینکڑوں مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل حکام کا کہنا تھا کہ ہیٹی میں آنے والے طوفان ‘میتھیو’ سے ہونے والی تباہی کے پیش نظر ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ جو کہ رواں ہفتے کے اختتام پر ہونا تھے۔
بعض اطلاعات کے مطابق جنوب میں واقع کم از کم ایک گاؤں صفحۂ ہستی سے مٹ گیا ہے۔ جنوبی ساحل سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی عمارتیں پانی میں بہہ گئی ہیں اور بعض کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں۔ ہیٹی میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے مورد وہبا کا کہنا ہے کہ تقریباً دس ہزار افراد عارضی خیموں میں ہیں جبکہ ہسپتالوں میں مزید جگہ نہیں ہے۔ وزیر داخلہ فرانسز اینک جوزف نے بتایا ہے کہ ‘ہم یہ جانتے ہیں کہ کئی، کئی مکانات تباہ ہوچکے ہیں۔ بعض مکانات کی چھتیں اکھڑ گئی ہیں جنھیں دوبارہ تعمیر کیا جائے گا جبکہ دیگر مکمل طور پر تباہ ہچکے ہیں۔’