بارہمولہ حملہ کے بعد حالات کا جائزہ لیا
نئی دہلی : کشمیر کے بارہمولہ میں 46 قومی رائفل کے کیمپ پر دہشت گردانہ حملے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے بات چیت کی اور حالات کا جائزہ لیا ہے ۔ وزیر داخلہ نے بی ایس ایف ڈی جی سے بھی بات چیت کی ہے ۔ انہوں نے بی ایس ایف کے ڈی جی کو زخمی جوانوں کو اچھا علاج مہیا کرانے کیلئے کہا ہے ۔ ساتھ ہی انہوں نے اس حملے میں ایک جوان کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کنبہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔
خیال رہے کہ کشمیر کے بارہمولہ میں فوج اور بی ایس ایف کے کیمپ کو نشانہ بنا کر کیے گئے دہشت گردانہ حملے میں 2 دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر ہے ۔ اگرچہ اب تک سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے ۔ وہیں اس حملے میں بی ایس ایف کا ایک جوان شہید ہو گیا ہے جبکہ ایک جوان زخمی ہو گیا ہے ۔
فی الحال انکاونٹر ختم ہو چکا ہے، لیکن علاقے میں فوج کا سرچ آپریشن جاری ہے ۔ بتایا جا رہا کہ رات 10.30 بجے پہلی مرتبہ فائرنگ ہوئی ۔ خبریں ایسی ہی بھی ہیں کہ فوج اور دہشت گردوں کے درمیان انکاونٹر کے دوران ایل او سی کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی ، یعنی دہشت گردوں کو کوور دینے کی کوشش ہوئی ۔ اس حملے کے بعد پوری وادی الرٹ پر ہے ۔