شرینگر۔ کشمیر میں بھاری برف باری کے باعث معمولات زندگی مسلسل تیسرے دن بھی مفلوج رہے۔ سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فضائی جبکہ سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر زمینی ٹریفک مسلسل ٹھپ رہا۔
اس دوران محکمہ موسمیات نے وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور برف باری کی پیشن گوئی کی ہے۔ اگرچہ گزشتہ 18 گھنٹوں کے دوران برف باری کی شدت میں کمی درج کی گئی ، تاہم وقفے وقفے سے ہلکی برف باری کا سلسلہ جاری رہا۔
وادی کی سینکڑوں سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام شروع ہونا اب بھی باقی ہے
جبکہ ہزاروں دیہات اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔ وادی میں محکمہ صحت نے گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہونے والی بھاری برف باری کے نتیجے میں پیدا شدہ صورتحال کے پیش نظر عوام الناس، طبی اور نیم طبی عملے کے لئے ہیلپ لائن قائم کی ہے۔ یہ ہیلپ لائن ناظم صحت کشمیر کے دفتر اور تمام ضلعی ہیڈکوارٹروں پر قائم کی گئی ہے۔
مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ہفتہ کی صبح مقامی لوگوں نے ایک حاملہ خاتون کو چارپائی پر اٹھاکر 15 کلو میٹر دور اسپتال پہنچایا۔
رفیع آباد کا دزنہ نامی گاؤں جو کہ بھاری برف باری کے باعث ضلع کے دوسرے علاقوں سے کٹ کر رہ گیا ہے، کے لوگوں نے ایک حاملہ خاتون کو چار پائی پر اٹھاکر 15 کلو میٹر دور واقع ہیلتھ سب سنٹرل ہاچی پورہ پہنچایا ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ جموں وکشمیر کے کئی ایک مقامات پر اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش یا برف باری ہوگی۔
انہوں نے بتایا ’تاہم اس کے بعد آنے والے 48 گھنٹوں کے دوران چند ایک مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری ہوسکتی ہے‘۔ گلمرگ جہاں برفانی ڈھلانوں پر چار سے زیادہ فٹ برف جمع ہوگئی ہے، میں گذشتہ رات وادی رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس دوران وہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
گلمرگ کے بالائی حصوں بشمول کونگ ڈوری، کھلن مرگ اور افروٹ میں گزشتہ دو دونوں کے دوران پانچ فٹ سے زیادہ برف جمع ہوئی ہے۔ برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لئے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد گلمرگ وارد ہوئی ہے۔ شمالی کشمیر کے سبھی حصوں میں بڑے پیمانے پر برف باری ہوئی ہے جس کے نتیجے میں سینکڑوں سرحدی علاقوں بشمول لائن آف کنٹرول(ایل او سی) کے نزدیکی دیہات کو جوڑنے والی درجنوں سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔
صبہ کپواڑہ میں ایک فٹ برف جمع ہوئی ہے۔ جنوبی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام پہل گام میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران دو فٹ برف جمع ہوئی ہے۔ پہل گام میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اعشاریہ 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔