اسلام آباد: پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال، ان کی بیٹی مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان تینوں کو ایون فیلڈ ریفرنس معاملہ میں یہ سزا سنائی گئی ہے۔ یہ فیصلہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نےسنایا ۔ احتساب عدالت نے نوازشریف پر 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز پر 20 لاکھ پاؤنڈ کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے جب کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو سرکاری تحویل میں لینے کا بھی حکم دیاہے۔
فیصلہ سنائے جانے کے وقت یہ تینوں عدالت میں موجود نہیں تھے ۔ نواز شریف اور مریم نواز لندن میں ہیں ، جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر مانسہرہ میں ہیں ، جس کی وجہ سے تینوں عدالت میں پیش نہیں ہوسکے۔
واضح رہےکہ پاکستانی سپریم کورٹ کے پناما کیس کے فیصلہ کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کر رکھے ہیں، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔