نئی دہلی : اقلیتوں کیلئے 5 یونیورسٹیوں کے قیام کی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ وزارت اقلیتی امور نے پانچ یونیورسٹی کے قیام کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے 11 رکنی کمیٹی کا اعلان کردیا ہے۔ انڈین ایڈمنسٹریٹیوسروس(آئی اےایس) کے سابق افسر افضل امان اللہ کو اس کمیٹی کا کنوینر بنایا گیا ہے ۔یہ کمیٹی دومہینے کے اندر یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی۔
باوثوق ذرائع نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی معیار کی یہ پانچ مجوزہ یونیورسٹیاں کم از کم 100 ایکڑزمین پر تعمیر کی جائیں گی ،جن کے اندر اسکول ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ میڈیکل،انجینئرنگ اور دیگر اعلی و پیشہ ورانہ تعلیم دی جائے گی اور اقامتی ہاسٹلوں پر مبنی ان یونیورسٹیوں کے کیمپس کے اندر ہی ان کورسوں کا انتظام کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیٹی کی سفارشات موصول ہونے کےفوراً بعد یونیورسٹیوں کی تعمیرات کا عمل جلد ہی شروع کردیا جائے گااور سال 2018 کے ایجوکیشن سیشن سے ان یونیورسٹیوں میں تعلیم کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔
جدیدترین سہولیات سے لیس یہ یونیورسٹیاں عالمی معیار کی اور مثالی ہوں گی، جن میں تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ اقلیتوں خاص طور سے مسلم نوجوانوں کو خاص طور سے روزگار سے جوڑا جاسکے ۔ ان تعلیمی اداروں میں 40 فیصد ریزرویشن لڑکیوں کے لئے کئے جانے کی تجویز ہے۔
خیال رہے کہ مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور( آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے مولانا آزاد ایجوکیش فاؤنڈیشن کی جنرل باڈی کی میٹنگ کے بعد 29 دسمبر کو ان یونیورسٹیون کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ یونیورسٹیوں کے قیام کے سلسلے میں 11 رکنی کمیٹی بنائے جانے کے ساتھ ہی اس سلسلے میں وزارت اقلیتی امور نے اپنی پیش رفت کا آغاز کردیا ہے۔
یونیورسٹیوں کے قیام کے سلسلے میں کنوینر مسٹر افضل امان اللہ کے علاوہ کمیٹی کے دیگر 10 اراکین کے نام اس طرح ہیں ۔
پدم شری اقبال ایس حسنین (سابق وائس چانسلر کالی کٹ یونیورسٹی ،لیفٹننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ وائس چانسلر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی،پروفیسر طلعت احمد وائس چانسلر جامعہ ملیہ اسلامیہ ، مسٹر سراج الدین قریشی چیئرمین انڈین اسلامک کلچرل سنٹر، مسٹر شاہد صدیقی سابق ممبرپارلیمنٹ وایڈیٹر ان چیف نئی دنیا ، مسٹر ادین باس بینکر اینڈ فائننسر ،مسٹر فیروزبخت احمدایجوکیشنسٹ، مسٹر قمرآغاسینئر جرنلسٹ، محترمہ کلثوم نورسیف اللہ سماجی کارکن۔جبکہ مسٹر ڈی۔ مدھوکر نائک سکریٹری مولانا آزاد ایجوکیشن فاونڈیشن کوکمیٹی کا ممبر سکریٹری بنایا گیا ہے۔