گورکھپور: ذات اور مذہب کے نام پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نے کیا۔ یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لینے کے بعد ہفتہ کو پہلی مرتبہ اپنے آبائی ضلع گورکھپور پہنچ گئے ہیں۔ وزیر اعلی یوگی نے کہا کہ ابھی تک یوپی میں خواتین غیر محفوظ محسوس کر رہی تھیں اور تاجر ڈر کر بھاگنے پر مجبور تھے۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں ذات اور مذہب کے نام پر کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔
یوگی نے وزیر اعظم مودی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جب گورکھپور میں ایمس اور فرٹیلائزر فیکٹری کی بنیاد رکھی تھی ، تب ہم نے ترقی کی جھلک دیکھی تھی۔ انہوں نے یوپی میں ملی بڑی جیت کا کریڈٹ مودی اور امت شاہ کی پالیسیوں کو دیا۔ گورکھپور میں یوگی کا شاندار استقبال کیا گیا اور شہر کے ایم پی انٹر کالج میں ان کی جیت کا جشن منانے کے لئے ریلی بھی منعقد کی گئی ہے۔