یم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار ٹریفک حادثے میں شدید زخمی

متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ فاروق ستار ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئے۔
mqm-farooqsattarایکسپریس نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار حیدرآباد سے کراچی آرہے تھے کہ نوری آباد کے قریب ان کی گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں فاروق ستار شدید زخمی ہوگئے جب کہ گاڑی میں سوار 3 محافظ بھی شدید زخمی اور گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق فاروق ستار کی گاڑی نوری آباد کے قریب تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہوئی اور قلا بازیاں کھاتی ہوئی سڑک سے اتر گئی جس کے نتیجے میں فاروق ستار کے کاندھے اور کمر میں چوٹیں آئی ہیں جنہیں کراچی کے نجی اسپتال میں منتقل کیا جارہا ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے تصدیق کی ہے کہ فاروق ستار کو فریکچر آئے ہیں تاہم وہ ہوش میں ہیں اوران کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار 4 گاڑیوں کے قافلے کی صورت میں آج حیدرآباد گئے تھے جہاں سے واپسی پر ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جب کہ ان کے قافلے میں خواجہ اظہارالحسن اور عامر خان سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *