گورکھپور: اترپردیش میں گورکھپور کے بابا راگھوداس میڈیکل کالج میں گزشتہ 48 گھنٹے دوران دماغی بخار سے متاثر مزید پانچ بچوں کی موت ہو گئی۔
سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران راگھوداس میڈیکل کالج میں داخل دماغی بخارسے متاثر مہراج گنج کے دو، گورکھپور، سدھدارتھ نگر اور بہار کے ایک بچے کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ گذشتہ جنوری سے اب تک دماغی بخار سے متاثرہ مرنے والے بچوں کی تعداد 215 ہو گئی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ یکم جنوری سے اب تک دماغی بخار سے متاثرہ843 مریضوں کو میڈیکل کالج میں علاج کے لئے داخل کرایا گیا تھا جن میں سے 215 بچوں کی موت ہو چکی ہے ۔ میڈیکل کالج میں اس دوران سات نئے مریضوں کو علاج کے لئے داخل کرایا گیا ہے ۔ دماغی بخار سے متاثر 105 مریضوں کا میڈیکل کالج میں پہلے سے علاج چل رہا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ میڈیکل کالج کیمپس میں واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی میں جانچ کے لئے بھیجے گئے نمونوں میں سے 40 میں جاپانی انسیفیلائٹس (جے ای) کی تصدیق ہوئی ہے ۔ اس برس اس بیماری سے متاثر 72 مریضوں میں اس کی علامات ملی ہیں جن میں سے 21 کی موت ہو چکی ہے باقی مریضوں میں سے 37گورکھپور کے اور 35 مریض بستی ڈویزن اور بہار کے ہیں۔