اجمیر ۔ درگاہ اجمیر شریف میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کو صدر بنانے کی دعا کی گئی۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کو ملک کا صدر بنائے جانے کے لئے راجستھان میں اجمیر کی خواجہ صاحب کی درگاہ پر گزشتہ دیر رات مسلم نوجوان انسداد دہشت گردی کمیٹی کی جانب سے مخملی چادر اور عقیدت کے پھول پیش کرکے دعا کی گئی۔ خادم سید فضل امین چشتی نے آج یہاں بتایا کہ کمیٹی کے قومی صدر شکیل سیفی اور دیگر رکن چادر لے کر اجمیر پہنچے اور موہن بھاگوت کو صدر بنانے کے لئے دعا مانگی۔ سیفی کے حوالے سے خادم فضل امین چشتی نے بتایا کہ جیسے وزیر اعظم نریندر مودی قوم پرستی اور ملک کی یکجہتی اور سالمیت کو برقرار رکھنے کے مقصد سے ملک میں دنیا کو ساتھ لے کر کام کر رہے ہیں اسی طرح کا ملک میں صدر بھی ہونا چاہئے۔
انہوں نے بتایا کہ مسٹر بھاگوت کی حب الوطنی اور ملک کی حفاظت کرنے کے بارے میں کسی کو کوئی بھی شک نہیں ہے۔ ہندوستان کا مسلمان بھی ملک کی تعمیر میں اپنی فعال کردار نبھانا چاہتا ہے۔ غور طلب ہے کہ آئندہ جون کے مہینے میں ملک کے لئے نئے صدر کا نام سامنے آنے والا ہے۔ موہن بھاگوت اپنے ایک بیان میں اس عہدے کی دعویداری مسترد کر چکے ہیں۔